خوب و زشت

ستارگان فضا ہائے نیلگوں کی طرح 
تخیلات بھی ہیں تابع طلوع و غروب 

جہاں خودی کا بھی ہے صاحب فراز و نشیب 
یہاں بھی معرکہ آرا ہے خوب سے ناخوب 

نمود جس کی فراز خودی سے ہو ، وہ جمیل 
جو ہو نشیب میں پیدا ، قبیح و نا محبوب!