علم اور دین


وہ علم اپنے بتوں کا ہے آپ ابراہیم 
کیا ہے جس کو خدا نے دل و نظر کا ندیم 

زمانہ ایک ، حیات ایک ، کائنات بھی ایک 
دلیل کم نظری، قصۂ جدید و قدیم 

چمن میں تربیت غنچہ ہو نہیں سکتی 
نہیں ہے قطرۂ شبنم اگر شریک نسیم 

وہ علم، کم بصری جس میں ہمکنار نہیں 
تجلیات کلیم و مشاہدات حکیم!